کوالالمپور میں ٹریفک آپریشن؛ 11 ہزار سے زائد وارننگ نوٹس جاری

کوالالمپور (خصوصی نامہ نگار):
کوالالمپور پولیس نے شہر بھر میں جاری ایک ہفتہ پر مشتمل خصوصی ٹریفک آپریشن “او پی پی یو یو” کے دوران مجموعی طور پر 11 ہزار 984 وارننگ نوٹس جاری کیے۔ یہ آپریشن 6 سے 12 ستمبر تک مختلف مقامات پر کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا اور حادثات میں کمی لانا تھا۔

پولیس کے مطابق، نوٹس زیادہ تر ان خلاف ورزیوں پر دیے گئے جن میں موٹر سائیکل سواروں کا ہیلمٹ نہ پہننا، سگنل کی خلاف ورزی کرنا، اور گاڑیوں کا مقررہ سفید لائن سے آگے رکنا شامل ہے۔ اسی طرح پیدل چلنے والوں کو بھی اس وقت وارننگ نوٹس دیے گئے جب انہوں نے اوور ہیڈ برج یا زیبرا کراسنگ استعمال کرنے کے بجائے سڑک پار کرنے کی کوشش کی۔

کوالالمپور پولیس چیف ڈیٹک فاضل مارسس نے بتایا کہ یہ مہم اس وقت ’’آگاہی مرحلے‘‘ میں ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جارہا، بلکہ شہریوں کو صرف متنبہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ مستقبل میں احتیاط برتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ شہر میں ٹریفک کا بہاؤ بھی بہتر ہوگا۔

آپریشن کے دوران خصوصی توجہ مرکزی شاہراہوں جیسے جالن لوکے یو، جالن سلطان اسماعیل، جالن بُکِت بنتانگ، جالن پی راملی اور جالن تُن رزاق پر دی گئی، جہاں ٹریفک دباؤ زیادہ رہتا ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ یہ آپریشن آئندہ دنوں میں مزید وسعت دیا جائے گا اور قانون شکنی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

More From Author

اوور ٹائم کے پیسے آپ کا حق ہیں

<br>پچاس (50) ہزار رِنگٹ ماہانہ رشوت، غیر ملکیوں کو داخلے کی کھلی چھوٹ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے